حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس x پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رفح کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کا وحشیانہ حملہ عالمی جنگی قوانین اور انسانیت کی بدترین تذلیل و توہین ہے۔
انہوں نے کہا: اسرائیل کے مذموم جنگی عزائم عالمی امن اور فلسطین کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں،اسرائیلی غاصب فوج نے پناہ گزین کیمپوں، ہسپتالوں اور محفوظ پناہ گاہوں پر حملے کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ اسے عالمی قوانین کی ذرا بھر بھی پروا نہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا: اسرائیل اب تک عالمی عدالت انصاف کے تین فیصلوں کو روند چکا ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور حکمرانوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مظلومین فلسطین پر آگ و بارود کی بارش برسانے والے بے لگام اسرائیل کو لگام دیں۔
انہوں نے مزید کہا: فلسطین کے عوام کی حمایت اور اسرائیل کی مخالفت پر عالم اسلام کو اپنی حیثیت کھل کر واضح کرنا ہو گی۔ رفح پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان شاءاللہ مظلومین فلسطین کی فتح یقینی ہے۔